اوقاف کے تحفظ کے لئے ملت کو متحد اور حساس ہونے کی ضرورت : مولانا محمد معظم احمد
نئی دہلی، 26؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) آل انڈیا تحریک حمایت الاسلام کے صدر اور فتح پوری مسجد کے نائب شاہی امام مولانا محمد معظم احمد نے آج میڈیا کو جاری ایک بیان میں وقف جائیدادوں کے خلاف چل رہی تحریکوں پر نوٹس لیتے ہوئے قوم ے شعور و آگہی کی اپیل کی ہے ۔ مولانا محترم نے آج میڈیا کو جاری ایک پریس بیان میں کہاکہ جس طرح چند نام نہاد لوگ وقف جائیدادوں کے خلاف تحریک چلارہے ہیں اور اس پر ملت کی جانب سے مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے یہ تشویشناک پہلو ہے ۔ مولانا محترم نے کہاکہ اس وقت ضرورت ا س بات کی تھی کہ وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لئے بنائے گئے ایکٹ کے نفاذ کے لئے تحریک چلائی جاتی اور اس ایکٹ کو مزید موثر بنایا جاتا ، لیکن اس کے برعکس کچھ لوگ وقف جائیدادوں پر اپنا حق سمجھتے ہیں اور ا س کے لے تحریک چلارہے ہیں کہ وقف ایکٹ کو ردکیا جائے یہ افسوس نا ک عمل ہے ۔ مولانا نے ملت اسلامیہ سے اس سمت میں منظم ڈھانچہ تیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت منظم انداز میں ایسے لوگوں کو جواب دینے کی ضرورت ہے جو وقف جائیدادوں پر اپنا مالکانہ حق سمجھتے ہیں اور انہیں چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔ مولانا محترم نے کہاکہ وقف کی زمین یہ اللہ کی ملکیت ہے لوگوں کو اس کا خرد برد کرتے وقت یا ان پر نظر بد رکھتے ہوئے اللہ کا خوف اپنے سامنے رکھنا چاہئے ۔ مولانا محترم نے دہلی وقف بورڈ کی جانب سے وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لئے چلائی جارہی تحریک کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وقف بورڈ کو مزید حساسیت کے ساتھ قدم آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور جولوگ وقف جائیدادوں پر اپنا حق سمجھ رہے ہیں کے آڈٹ کی بھی ضرورت ہے اور ان سے یہ بھی معلوم کرنے کی ضرورت ہے کہ آج تک انہوں نے اوقاف کی زمینوں کا استعمال تو کیا مگر ملت کو اس کے عوض کیادیا ۔مولانا محترم نے کہاکہ اوقاف کے تحفظ کے لئے ملت کو حسا س ہونا ہوگا، وقف ایکٹ کے تحفظ کیلئے آگے آنے کے ساتھ ساتھ اس کے عملی نفاذ کے لئے بھی جد وجہد کرنی ہوگی ۔